واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری ایک بے وقعت انسان کا روپ دھار چکے ہیں ۔ انکا جو ویڈیو پیغام منظر عام پر آیا ہے اسکی کوئی اہمیت نہیں امریکہ نے القاعدہ کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ، باقی جو رہ گئے ہیں ان کو بھی جلد منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ادارے ابھی تک القاعدہ کو اپنا دشمن نمبر ایک تصور کرتے ہیں ۔ القاعدہ میں چونکہ کئی گروپ بن چکے ہیں اس وجہ سے اب اسکی وہ طاقت نہیں رہی جو ماضی میں ہوا کرتی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کا بیان اس وقت سامنے آیا جب القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے اپنے ویڈیو پیغام میں امریکی سیاہ فام کمیونٹی کو دعوت دی کہ وہ اسلام قبول کر لیں کیونکہ امریکہ میں انکے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ القاعدہ میں شمولیت اختیار کر کے امریکہ کے خلاف حملے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ ستمبر کے حملوں کے نتیجے میں اسلام کی قوت میں اضافہ ہوا ہے اور دشمنوں کو انکی اصلیت یاد دلائی گئی ہے ۔ یہ حملے مسلمانوں کو اُنکی طاقت اور دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے بارے میں یاد دہانی کا کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا امریکہ میں نسلی امتیاز پر مبنی پالیسیوں نے سیاہ فام کیمونٹی کو بھی مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنے حق کے لیئے آواز بلند کریں اس لیئے ہم امریکہ میں مقیم سیاہ فام کیمونٹی کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اسلام قبول کر کے ہمارے ساتھ مل جائیں۔