نائجیریا (جیوڈیسک) نائجیریا کے حکام کے مطابق القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسند گروہ ’انصارو‘ کے سربراہ کو نائجیریا میں گرفتار کرلیاگیا ہے۔ایک فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ خالد ال برناوی کو ملک کی مرکزی ریاست کوگی کے دارالحکومت لوکوجا میں گرفتا کیا گیا ہے۔ امریکہ نے 2012 میں ال برناوی کو نائجیریا کے تین ’مخصوص عالمی دہشت گردوں‘ میں سے ایک قرار دے کر ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔ انصارو نائجیریا کے سب سے بڑے جنگجو گروہ بوکو حرام سے ٹوٹ کر وجود میں آیا تھا۔بوکو حرام غیر ملکیوں کے اغوا کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
انصارو نظریاتی طور پر القاعدہ ہی سے وابستہ ہے، جس پر مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔ انصارو کا کہنا ہے کہ اس نے 2012 میں نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا کی جیل پر حملہ کرکے درجنوں قیدیوں کو آزاد کروا لیا تھا۔ نائجیریا کے فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل رابع ابوبکر کا کہنا تھا کہ ’سیکیوریٹی ایجنسیوں نے جمعے کو دہشت گرد گروہ انصارو کے سربراہ خالد الال برناوی کو گرفتار کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’ہمیں مطلوب دہشت گردوں میں ال برناوی نام سرفہرست تھا۔‘