کراچی(جیوڈیسک) ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ پولیس نے القاعدہ کے 3 ارکان کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور جہادی لٹریچر برآمد کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کر کے القاعدہ کے اصحاب گروپ کے 3 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول، دستی بم، بارودی مواد جہادی لٹریچر اور سی ڈیز بھی برآمد ہوئی ہیں، گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق اصحاب گروپ کے آئی ٹی، عسکری اور دعوتی ونگز سے ہے اور ان کی شناخت جنید عالم عرف اسد، عارف نوید عرف شعیب اور حسان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی سی آئی ڈی کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں القاعدہ کا منظم نیٹ ورک موجود ہے جس میں یونی ورسٹی کے بعض پروفیسربھی شامل ہیں، گرفتار کئے گئے تینوں ملزمان کراچی یونی ورسٹی کے طالب علم ہیں جو کہ یونی ورسٹی کے طلبا کو جہاد کی دعوت دیتے تھے اور ان میں سی ڈیز اور جہادی مواد تقسیم کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان بوہری جماعت کے افراد اور پولیس اہل کاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔