اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ملازمین کو 20 فیصد الاونس کی ادائیگی سے متعلق کیس میں سیکرٹری خزانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس شوکت عزیز کہتے ہیں وفاقی ملازمین کو الانس کی ادائیگی ہر صورت ادا کرنا ہو گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے وفاقی ملازمین کو 20 فیصد الاونس کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے وزارت خزانہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیسے ممکن ہے وزیر اعظم کے اعلان پر کچھ ملازمین مستفید ہوں۔
سیکرٹری خزانہ وضاحت دیں کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ وزارت خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ تمام ملازمین کو الاونس دینے سے قومی خزانے پر 50 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ عدالت عالیہ نے سیکرٹری خزانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نو اکتوبر کو طلب کر لیا۔ کابینہ ڈویژن اور سینیٹ سیکرٹریٹ سمیت بعض ملازمین کے الاونس میں اضافہ کیا گیا تھا۔