بلغراد (جیوڈیسک) البانیہ کے وزیر اعظم گزشتہ روز تاریخی دورے پر سربیا کے دارالحکومت بلغراد پہنچ گئے ہیں۔ ایڈی راما گزشتہ 68 برسوں میں سرکاری دورے پر سربیا جانے والے البانیہ کے پہلے سربراہ حکومت ہیں۔ یہ دورہ بلقان کی ان دو ریاستوں کے درمیان ایک فٹ بال میچ کے دوران بدامنی کے حالیہ و اقعے کے بعد کشیدگی پیدا ہو نے کے بعد ہورہا ہے۔
بلغراد پہنچنے پر سربیا کے وزیر اعظم الیکسانڈر وُوچِچ نے پیلس آف سربیا کے سامنے اپنے البانوی ہم منصب کا پورے فوجی اعزاز کے ساتھ خیر مقدم کیا۔ البانیہ اور سربیا کے مابین حالیہ اختلاف رائے کا تعلق کوسووو سے بھی ہے جو اب ایک آزاد ریاست ہے۔
لیکن البانوی نسل کی آبادی کی اکثریت والا یہ ملک چند سال پہلے تک سربیا کا ایک صوبہ تھا۔ اس کے علاوہ ایک وجہ موجودہ سربیا کے جنوب میں آباد البانوی نسل کی وہ اقلیت بھی ہے، جو اپنے لیے بلغراد سے زیادہ خو د مختاری کا مطالبہ کرتی ہے۔