لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) شراب کی فروخت کے لائسنس کے اجراء معاملے پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
بیرسٹر سعید احمد ظفر نے الیکشن کمیشن لاہور آفس میں درخواست دائر کی ہے جس میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 286 سے انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی، کامیابی کے بعد عثمان بزدار وزیر اعلی پنجاب بنے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پر مبینہ طور پر پانچ کروڑ روپے لے کر لاہور کے ایک ہوٹل کو شراب کی فروخت کا لائسنس جاری کرانے کا الزام ہے، ان کے خلاف نیب تحقیقات جاری ہیں، وہ اس معاملے پر 12 اگست کو نیب آفس پیش بھی ہوئے ہیں جب کہ نیب تحقیقات کے دوران 2 افسران بطور وعدہ معاف گواہ بھی سامنے آچکے ہیں۔
درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے شراب لائسنس کے اجراء سےمتعلق غلط بیانی کی،اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے، وزیر اعلی پنجاب کو پی پی 286 سے نااہل قرار دے کر اس نشست کو خالی قرار دیا جائے اور وہاں دوبارہ انتخاب کروایا جائے۔ درخواست کے فیصلے تک الیکشن کمیشن وزیر اعلی عثمان بزدار کو کام سے روکنے کا حکم دے۔