لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ کے گزشتہ روز کے فیصلے سے علیحدگی اختیار کر لی۔
عبدالعلیم خان نے صوبائی وزیر میاں خالد محمود کو اپنا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان علیم خان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پنجاب کے کسی رکن اسمبلی کو وزیراعظم کے اجلاس میں جانے سے نہیں روکا، وزیراعظم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے علیم خان سے اجازت لے کر جا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 40 ارکان پنجاب اسمبلی سے علیم خان کی ملاقات ہوئی وہ سب آج کے اجلاس میں جا رہے ہیں، آج کے اجلاس کے بعد باہم مشاورت سے اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عبدالعلیم خان گروپ الگ ہے، ہم نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار نہیں کی، ہمارے گروپ کے تمام اراکین وزیراعظم کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں جائیں گے
ترجمان کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ہٹانے کا ہمارا کوئی مطالبہ نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین گروپ نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب آج لندن میں علیم خان اور جہانگیر ترین کی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور تحریک عدم اعتماد پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔