لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے علیم خان نے این اے 122 لاہور کے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حلقے سے ہزاروں ووٹ منتقل کیے گئے، عدالت دھاندلی کی بنیاد پر ضمنی انتخاب کالعدم قرار دے۔
علیم خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این اے 122 لاہور کا ضمنی انتخاب غیرشفاف اور دھاندلی زدہ ہے، حلقے سے ہزاروں ووٹ باہر منتقل کیے گئے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونل ایاز صادق کو عام انتخابات میں دھاندلی کی بنیاد پر پہلے بھی ڈی سیٹ کر چکا ہے۔
ضمنی انتخاب کے ذریعے سردار ایاز صادق کا سپیکر منتخب ہونا عوامی مینڈیٹ کی عکاسی نہیں کرتا۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت این اے 122 کے ضمنی الیکشن کو دھاندلی کی بنیاد پر کالعدم قرار دے، درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسپیکر سردار ایاز صادق کو فریق بنایا گیا ہے۔