حلب میں ‘روسی و شامی فضائی حملے’ قابل مذمت ہیں: اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر براک اوباما نے شام کے شہر حلب کے مشرقی حصے میں شہریوں پر “روسی اور شامی حکومت کے فضائی حملوں” کی شدید مذمت کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اوباما نے جرمنی کی چانسلر آنگیلا مرخیل کو فون کیا جس میں دونوں راہنماؤں نے اتفاق کیا کہ روس اور اسد (شام کے صدر بشار الاسد) کی حکومتوں پر لڑائی کو روکنے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے”خاص طور پر ذمہ دار ہیں۔”

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ماسکو کی طرف سے حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر بمباری جاری رکھے جانے کے تناظر میں شام کے معاملے پر امریکہ، روس سے سفارتی بات چیت معطل کرنے کی “نہج پر پہنچ” چکا ہے۔

شہر کے اس حصے میں لاکھوں شہری پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے نصف بچے ہیں۔

کیری کا کہنا تھا کہ روس کی طرف سے فضائی حملے جاری رکھنے کے عزم کے بعد یہ “غیرمعقول” ہے کہ بات چیت جاری رکھی جائے اور “معاملات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔”