الجیریا (جیوڈیسک) الجیریا میں حالیہ برسوں میں سب سے بڑے فوجی آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے کم از کم 21 جنگجو ہلاک کردیئے ہیں جن کا تعلق داعش سے بتایا جارہا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ شدت پسند دارالحکومت الجیئر کے قریب ایک گھنے جنگل میں جمع ہوکر اجلاس میں مصروف تھے اور اہم سرکاری عمارتوں اور دیگر مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے تاہم فورسز سے جھڑپ کے دوران 21 جنگجو مارے گئے جن کا تعلق داعش سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے قریبی جنگلات سے داعش کے 2 شدت پسندوں کو بھی گرفتارکیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پرایک درجن کلاشنکوف، تین راکٹ لانچر اور درجنوں دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
وزارتِ دفاع کے مطابق فوج شدت پسندوں کے گروہ کے مزید افراد کو تلاش کررہی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز القاعدہ سے الگ ہونے والے ’خلافت سپاہی‘ تنظیم کے خلاف کارروائی کی گئی جو داعش سے بھی وابستہ ہیں جب کہ اسی گروپ نے گزشتہ سال ستمبر میں ایک فرانسیسی سیاح کو بھی قتل کردیا تھا۔
واضح رہے کہ الجیریا میں داعش، القاعدہ اور اسلامی مغرب نامی تنظیموں کے اراکین اور شدت پسند ایک عرصے سے موجود ہیں اوروہ شمالی علاقوں کے پہاڑوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔