الحدیدہ (جیوڈیسک) یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ ڈچ ریٹائرڈ میجر جنرل پیٹرک کمائرٹ اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں اور انھوں نے استعفا دے دیا ہے۔
نیویارک میں العربیہ نیوز چینل کے نمایندے نے اقوام متحدہ کے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ پیٹرک کمائرٹ کا استعفا منظور کر لیا گیا ہے لیکن وہ اپنے متبادل عہدے دار کی آمد تک یمن ہی میں رہیں گے اور کام کرتے رہیں گے۔
تاہم اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ الحدیدہ میں یمنی فورسز کی از سرنو تعیناتی کے لیے رابطہ کمیٹی کے سربراہ جنرل پیٹرک کمائرٹ نے یمن میں اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے ۔ ترجمان نے اس حوالے سے ان بعض میڈیا رپورٹس کی صحت سے انکار کیا ہے جن میں یہ کہا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔
یہ خبر الحدیدہ میں گذشتہ جمعرات کو جنرل پیٹرک کمائرٹ اور ان کی ٹیم پر حوثی شیعہ باغیوں کی فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے تب ایک ٹویٹ میں جنگ بندی کی نگراں ٹیم کے حوثیوں کے اس حملے میں محفوظ رہنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ’’یہ واقعہ ایک خطرناک پیش رفت ہے‘‘۔