راولپنڈی (جیوڈیسک) کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کے مقدمے میں نیا چالان تیار کیا جارہا ہے جس میں کسٹم حکام کی ملی بھگت سے دبئی فرار ہونے والے دو ملزمان محمد اویس اور ممتاز حسین کو اشتہاری خانے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ کسٹم حکام اورکسٹم انٹیلی جنس نے ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کرنے کے لیے 10 ممالک برطانیہ، کینیڈا، فرانس، دبئی، یواے ای، جاپان، جرمنی، ہالینڈ اور اٹلی سے ان ممالک میں ایان علی کی ڈکلیئر کی گئی کرنسی کی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے خطوط تحریر کیے تھے۔
تاہم کسی بھی ملک نے ان خطوط کاجواب نہیں دیاج س کے باعث کسٹم انٹیلی جنس کی منی لانڈرنگ کے بارے میں انکوائری بھی رک گئی ہے۔