کراچی (جیوڈیسک) یوم علی علیہ لسلام کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور سیکورٹی اداروں کا گشت بڑھادیا گیا ہے جبکہ بیشتر شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ یوم علی علیہ لسلام کے موقع پر کراچی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر تین روز کی پابندی کے علاوہ موبائل فون سروس آج صبح چار بجے سے رات گیارہ بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیئے جلوس کے مرکزی گزرگاہ ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ کوری ڈور تھری سے صدر آنے والی سڑک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ جلوس سے قبل گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ، اورسراغ رساں کتوں کی مدد سے چیک کیا جائے گا اور جلوس کی گزرگاہ کے راستے پر موجود بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات ہوں گے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں بھی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسلسل فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
کراچی کے علاوہ سکھر اور حیدر آباد میں میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرتے ہوئے موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور پولیس اور رینجرز کے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔یوم علی پر پنجاب بھر میں بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور سمیت پانچ اضلاع جن میں سرگودھا، مظفر گڑھ، جہلم اور نارواال شامل ہیں، وہاں موبائل فون سروس بند رہےگی جبکہ 22 دیگر اضلاع میں موبائل فون سروس جلوس کے روٹس پر بند رہے گی، موبائل فون سروس جلوس کےآغاز کے وقت سے جلوس کے اختتامی وقت تک بند رہےگی۔
لاہور میں یوم علی کے مرکزی جلوس کے موقع پر 5 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس کے راستوں اور عمارتوں کی چھتوں پر مسلح پولیس اہلکار تعینات رہیں گے، مرکزی جلو س کےشرکا کی 4 پوائنٹس پر تلاشی لی جائے گی جبکہ ٹریفک پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔راول پنڈی میں دفعہ 144 کے تحت 2 روز تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،، ڈی سی او راول پنڈی ساجد ظفر ڈال کے مطابق خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔پشاور میں بھی یوم علی کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی کر دی گئی ہے،، اور شہر بھر میں پولیس اور سیکورٹی اداروں کے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں یوم علی کے جلوس کی حفاظت کے لیے تین ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں گے،، محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق اس موقع پر کوئٹہ شہر میں چوبیس گھنٹے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں موبائل فون سروس کی بندش کا امکان نہیں ہے،کیونکہ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں وفاقی حکومت کو کوئی درخواست نہیں بھجوائی۔