ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے بعد وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ساتھ مبینہ آڈیو ٹیپ بھی سامنے آگئی ہے۔
منظر عام پر آنے والی مبینہ آڈیو میں علی حیدر گیلانی کے مطالبے پر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین کی جانب سے کہا گیا کہ بھائیوں کے کام ہو جائیں گے، وہ چار پانچ اوپر کروا دیں گے۔
دوسری جانب گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے اپنی آڈیو ٹیپ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ آڈیو کلپ میں سنائی دینے والی آواز ان کی نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے کسی سے بات کی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا مبینہ آڈیو ٹیپ کے حوالے سے کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن چاہے تو ایک گھنٹے میں ناصر حسین شاہ کی آواز کی تصدیق کروا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ کسی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔