لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی صاحبزادے علی حیدر گیلانی تین سال بعد بازیاب۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں آج کابل میں پاکستانی سفیر کے حوالے کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے خصوصی طیارہ جائے گا اور انہیں واپس گھر لائے گا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے دنیا کامران خان کیساتھ میں خصوصی گفتگو کے دوران کہا مغوی آج واپس آ جائیں گے وہ بگرام ائیر بیس پر خیریت سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکام نے منگل کو دن گیارہ بجے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی اطلاع دی جس کے فوری طور پر وزیراعظم اور یوسف گیلانی کو بتایا گیا۔
علی حیدر گیلانی کو پکتیکا اور غزنی کے درمیانی علاقے سے مشترکہ آپریشن میں بازیاب کرایا گیا۔ مشیر خارجہ کہتے ہیں افغان حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا علی حیدر گیلانی کس گروپ کے قبضے میں تھے۔