اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں دوبارہ ڈالنے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ، جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ کیا ماڈل دہشت گرد ہے ۔ ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال کر دوبارہ کس بنیاد پر ڈالا گیا ۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کر لیا۔
معاملہ انتہائی سنجیدہ قرار ، وزارت داخلہ پر شدید برہمی کا اظہار ، جسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کہ کیا ایان علی دہشتگرد ہے ، کیا پنجاب میں کٹی قتل کی ہر ایف آئی آر کے تمام ملزمان اور ایف بی آر نادہندگان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے ہیں ؟ سب کو نظر آ رہا ہے کیا ہو رہا ہے ، کیوں نہ سیکرٹری داخلہ کو جیل بهیج دیں۔
فاضل جج کا کہنا تھا کہ انہیں احکامات پر عمل کروانا آتا ہے ، احکامات پر عمل نہیں ہو گا تو عدالت کو تالا لگا کر گهر نہیں چلے جائیں گے ۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔