کراچی (جیوڈیسک) علی ظفر اِن دنوں نئی بھارتی فلم ’ڈئیر زندگی‘ میں دل و جان سے کام کر رہے ہیں کنگ خان اور عالیہ بھٹ جو ان کے ساتھ ہیں۔
گوری شندے کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کے نام کو لیکر بہت سی چمہ مگوئیاں ہو رہی تھیں۔ کوئی کہتا تھا فلم کا نام ’پروجیکٹ 51‘ہوگا، تو کوئی کہتا تھا ’واک اینڈ ٹاک‘۔ لیکن، اب اس راز سے پردہ اٹھ گیا ہے۔ فلم کا نام ’ڈئیر زندگی‘ رکھا گیا ہے۔
پاکستان میں اس فلم کی پروموشن کے ذمے دار فرم انسائیکلو میڈیا نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’ڈئیرزندگی‘ اپنے مرکزی کردار کے گِرد گھومتی ہے جسے عالیہ بھٹ نے ادا کیا ہے۔
عالیہ فلم میکر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ دوران کام ان کی ملاقات چار مختلف مزاج رکھنے والوں سے ہوتی ہے جو اپنے اپنے طریقے سے زندگی کو دیکھتے اور اس کا مفہوم جانتے ہیں۔
علی ظفر، ادیتہ رائے کپور، کنال کپور اور انگت بیدی نے یہ چاروں کردار ادا کئے ہیں۔
اسی دوران عالیہ بھٹ کی ملاقات پانچویں شخص سے بھی ہوتی ہے جو ماہر نفسیات ہے۔ یہ رول شاہ رخ خان نے ادا کیا ہے۔
علی ظفر نے فلم میں موسیقار کا کردار ادا کیا ہے۔ اب یہ کردار کیسا ہوگا اس کا اندازہ آپ خود لگا لیجئے کہ اسکرین پر وہ عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آئیں گے اس لئےہلہ گلہ بھی ہوگا اور رومانس بھی۔
گوری شندے اس سے قبل ایک اور ہٹ فلم ’انگلش ونگلش‘ ڈائریکٹ کرچکے ہیں جبکہ ’ڈئیر زندگی‘ دھرما پروڈکشن اور ’ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ‘ کی مشترکہ کاوش ہے۔ حرف عام میں کہیں تو کرن جوہر اور شاہ رخ خان جیسے بڑے نام اس فلم سے جڑے ہیں۔