ممبئی (جیوڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی فلمیں بھارت میں دکھائی جائیں۔
ایک بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ جس طرح بالی وڈ فلمیں پاکستان میں نمائش پذیر ہوتی ہیں اسی طرح پاکستانی فلمیں بھارت میں بھی دکھائی جائیں تو اس سے دونوں ملکوں میں ایک اچھی فضا قائم ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے بہت معیاری فلمیں بن رہی ہیں وہ ذاتی طور پر ایسے ڈائریکٹرز کوجانتے ہیں جو بہت اچھا کام کررہے ہیں انھوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فلم انڈسٹری بہت جلد مستحکم ہو جائے گی جیسا کہ ماضی میں پاکستان فلم انڈسٹری کا ایک نام تھا۔۔انھوں نے کہا کہ وہ خود بھی پاکستانی فلموں میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔