نئی دہلی (جیوڈیسک) علی ظفر اپنی پہلی ہی فلم تیرے بن لادن کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے پاکستانی پاپ گلوکار و اداکار علی ظفر کو جہاں تیزی سے بھارتی فلموں کی پیشکش ہو رہی ہیں وہیں اب ان سے آئٹم سونگ بھی کر ایا جائے گا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق علی ظفر اپنی ہی بلاک بسٹر فلم تیرے بن لادن کے سیکوئل”تیرے بن لادن ٹو”میں اب بحیثیت مہمان اداکار ایک آئٹم سونگ کرتے نظر آئیں گے۔
اپنے سوشل نیٹ ورکنگ پروفائل پر علی ظفر نے اپنے مداحوں کے لیے یہ پیغام چھوڑا ہے کہ آج کل وہ ایک آئٹم سونگ کے لیے انتہائی محنت سے ڈانس ریہرسل کر رہے ہیں جو مکمل طور پر بالی ووڈ اسٹائل میں ہو گا۔
گو آئٹم سونگ کے حوالے سے تمام تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں تاہم یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ اس آئٹم سونگ کے گلوکار و کمپوزر خود علی ظفر ہی ہوں گے۔ واضح رہے کہ تیرے بن لادن ٹو میں علی ظفر کی جگہ منیش پال مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جو اگلے سال موسمِ گرما میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔