لاہور : چترال میں حالیہ سیلاب کے بعد اپر چترال کا زمینی راستہ مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن کے نائب صدر سید احسان وقاص نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتا یا کی زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے پاک آرمی کے تعاون سے ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے جس میں پہلے مرحلے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا سامان اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ فوری طبی امداد کا سامان اور ادویا ت شامل ہیں اسکے علاوہ کچھ علاقوں میں الخدمت کے رضاکا رراستے بنا کر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں تک ممکن ہو گاڑیوں کے ذریعے اور اس سے آگے الخدمت کے رضاکار کاندھوں پر امدادی سامان اٹھا کر متاثرہ خاندانوں تک پہنچا رہے ہیں۔
اسکے ساتھ 3 مقامات پر خیمہ بستیاں لگا کر لوگوں کو رہنے کے لئے جگہ فراہم کی گئی ہے جہاں متاثرہ لوگوں کے میڈیکل چیک اپ کے علاوہ پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوسرے مرحلے میں آرمی کے تعاون سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوری ضرورت کی اشیاء اور خشک راشن پہنچایا جائے گا۔ نائب صدر الخدمت فائونڈیشن سیداحسان اللہ وقاص نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور ند ی نالوں میں طغیانی کے باعث لاکھوں کی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پریشان حال بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔