لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبدالشکور نے صوبائی صدر نورالحق کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی ، ضلعی صدور ملک پرویز خان ، نورحسین اور جمال خان بھی موجود تھے۔
انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور الخدمت فائونڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں الخدمت کے صوبائی ہیڈکوارٹر سکندر ٹائون پشاور میں الخدمت کے صوبائی صدر نورالحق نے چترال سمیت صوبہ بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور الخدمت کی جاری امدادی سرگرمیوں کی تفصیلی بریفینگ دی۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبدالشکور نے کہا کہ گلگت، چترال، سندھ ، پنجاب ، خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت کی ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیلاب سے بہت بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں کاسلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے متاثرہ لوگوںکو فوری طور پر خوراک ، پینے کے صاف پانی ، ادویات اور خیموں کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گی۔