اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ کل شام مثبت بات چیت ہوئی اور آج دوبارہ مذاکرات ہونے تھے۔
لیکن عمران خان نے اپنے ساتھیوں پر اعتماد کرنے کے بجائے لشکرکشی شروع کر دی۔ وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو سینئر ترین رہنماؤں اور اپنے ساتھیوں پر بھی اعتماد نہیں ، جنہیں انہوں نے مذاکرات کو بھیجا تھا۔
پرویز رشید نے کہا کہ ملکی مفاد کے لیے وہ ہر در پر جاکر بات کرنے کو تیار ہیں۔ اب بھی مذاکرات کے راستے بند نہیں ہوئے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان اور طاہر القادری کے مطالبات تسلیم کیے لیکن وہ بندوق کے زور پر ان کے غلط مطالبات نہیں مانے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ تصادم کو عمران خان اور طاہر القادری چاہیں تو اس تصادم کو رکواسکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنانے والے اپنے گھر سے کسی بچے اور عورت کو نہیں لائے۔ انتظامیہ عورتوں بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔