کراچی (اسپورٹس رپورٹر) حمائتی الیون فٹ بال کلب کے زیر اہتمام جاری آل کراچی فیصل حمائتی یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں شہر کراچی کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل مضبوط فٹ بال ٹیم اعظم اسپورٹس فٹ بال کلب نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد مد مقابل ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ہنٹر اسپورٹس کو پنالٹی ککس پر 4-3 سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا دوران کھیل کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں ناکام رہی پنالٹی ککس مرحلے میں اعظم اسپورٹس گول کیپر شاہد اسلام نے پنالٹی ککس روک کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
شائقین فٹ بال سے بھر پور داد وصول کی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل کو دیکھنے کے لئے حمائتی فٹ بال گرائونڈ میں 10ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے جنہوں نے دونوں ٹیموں کے شاندار کھیل پر نواجوان کھلاڑیوں کو بھر پور حوصلہ افزائی کی اس میچ کو نیشنل فٹ بال ریفری محمد عمر بلوچ، نصیر عمر اور فرید طوفان نے سپروائز کیا جبکہ میڈیا کوارڈینٹر کے فرائض شیر افضل نے انجام دیئے۔ پہلے سیمی فائنل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی معروف سماجی شخصیت سابق یوسی ناظم سید رحیم شاہ کا تعارف دونوں ٹیموں سے کرایا گیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ گل محمد اچکزئی ،محمد طارق نیازی ،رحمت اللہ حمائتی کے علاوہ دیگر شخصیات موجود تھیں اس موقع پر مہمان خصوصی نے ونر ٹیم کو 3 ہزار روپے اور رنر اَپ ٹیم کو 2ہزار روپے کیش پرائز جبکہ ٹورنامنٹ کمیٹی کو 10 ہزار روپے سے نوازا۔