آل کراچی فیصل حمائتی یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ نے اپنے نام کر لیا

Football

Football

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)حمائتی فٹ بال کلب بھنیس کالونی کے زیر اہتمام جاری آل کراچی فیصل حمائتی یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا فائنل مقابلے میں شہر کے نوجوانوں کھلاڑیوں پر مشتمل اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم شہزاد محمڈن فٹ بال کلب کو 4-1 کے واضح مارجن سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا فائنل اپنے نام کرلیا۔

فائنل مقابلے میں کھیل کے پہلے ہاف میں اعظم اسپورٹس کو ارسلان کے دو گولوں کی بدولت 2-0سے برتری حاصل تھی جبکہ دوسرے ہاف میں شہزاد محمڈن مکمل دبائو کا شکار رہی اعظم اسپورٹس کی جانب سے مرتضیٰ اور ساجد نے مزید دو گول کرکے مقابلہ 4-0کردیا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں شہزاد محمڈن کے امجد نے پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے میں کمی کی اس طرح مقابلہ 4-1 پر اختتام پذیر ہوگیا۔

اور اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ اپنے نام کرکے گرائونڈ سے باہر آئی کھیل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی کے چیئر مین ساجد جوکھیو کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا مہمان خصوصی ساجد جوکھیو نے ٹورنامنٹ کی فاتح اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ کی ٹیم کو وننگ ٹرافی اور رنر اپ شہزاد محمڈن کو رنر اپ ٹرافی سے نوازا۔اس موقع فٹ بال ایوسی ایشن ڈسٹرکٹ ملیر کے سیکریٹر ی شاہد تاج ،حاجی نور محمد حمائتی، ماسٹر امام بخش،ریفری ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ ملیر کے سیکریٹری محمد رفیق ،رحیم محمڈن فٹ بال کلب کے روح رواں محمد پرویز قاسو ،فٹ بال ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سیکریٹری عبید اللہ خان، ملیر شاہین فت بال کلب کے سیکریٹر ی نذیر احمد ،ملیر اسٹار فٹ بال کلب کے سیکریٹری محمد رحیم اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل کے علاوہ فٹ بال سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ساجد جوکھیو نے اعلان کیا کہ بہت جلد حمائتی الیون فٹ بال اسٹیڈیم میں تعمیر اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا اور اسٹیڈیم میں فیلڈ لائٹس لگائے جائیں گے تاکہ علاقہ نواجون اپنی صحت مند سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔