آل کراچی جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کی آمد کے موقع پر شہر میں جیولرز کی دکانیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کراچی تاجر اتحاد نے کسی بھی قسم کے کاروبار بند رکھنے کے اعلان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے
ایسوسی ایشن کے مطابق گذشتہ کئی ہفتے سے سونے کے تاجروں کو بھتے کی پرچیاں اور دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ بھتہ نہ دینے پر تاجروں کو اغوا کیا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا گیا اس لیے وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سونے کا کاروبار کرنے والی دوکانیں بند رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ہارون چاند، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ، کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے وزیراعظم میاں نواز شریف کی آمد کے موقع پر دوکانیں بند کرنے کے اعلان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ان تمام رہنماں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے امن وامان کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کی یقینی کے دعوے سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعظم کراچی آمد کے موقع پر تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اعلان کرتے ہیں، تو خوش آئند کہیں گے۔ تاہم شہر میں امن وامان بحال نہ ہو سکا اور تاجروں کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو اس سلسلے میں لائحہ عمل طے کرنے کا تاجر حق محفوظ رکھتے ہیں۔