کراچی (اسٹاف رپورٹر) اللہ داد محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام سرحد اسپورٹس لانڈھی کے تعاون سے جاری آل کراچی انیس شہید و راجہ شہید یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 2ٹیموں نے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔
کھیلے گئے پہلے میچ میں شفیع الیون ملیر نے ایک سخت مقابلے کے بعد مد مقابل ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم سن آف بلوچ لیاری کو 2-1سے شکست دیدی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔دوسرے اہم میچ میں ٹورنا منٹ کی فیوریٹ ٹیم ہزارہ محمڈن نے کانٹے دار مقابلے کے بعد مضبوط حریف محفوظ الیون ملیر کو پنالٹی ککس پر 2-1سے شکست دیدی کھیل کی خاص بات ہزارہ محمڈن اور محفوظ الیون کے گول کیپروں کا عمدہ کھیل تھا جنہوں نے کئی پنالٹی ککس روک کر تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی ۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری عبدالرئوف بلوچ،سعید بلوچ اور محمد حسین با با نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر با با آدم اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔