کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کوہاٹ اسپورٹس فٹ بال کلب شاہ فیصل ٹائون کے زیر اہتمام منعقد آل کراچی کوہاٹ اسپورٹس رمضان المبارک فلڈ لائٹس فٹ بال ٹورنامنٹ سفاری پارک گلشن اقبال کی ٹیم مدھو محمڈن نے میزبان ٹیم کوہاٹ اسپورٹس کو زیر کرکے اپنے نام کرلیا ۔فائنل مقابلے میں مدھو محمڈن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہاٹ اسپورٹس کو دوران کھیل کے برابری کے بعد پنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیکر فائنل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مدھو محمڈن کو علیم کے گول کی بدولت 1-0سے برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں کوہاٹ اسپورٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی تابر توڑ حملے کئے جس کے نتیجے میں کوہاٹ اسپورٹس کے کھلاڑی شکیل کوہاٹی نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 1-1گول سے برابر کردیا جس کے بعد رریفری کے فیصلے کے مطابق کھیل کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔
کھیل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی ممتاز صوفی بزرگ سید فیروز شاہ قاسمی کے صاحبزادے سید عثمان شاہ فیروزی اور سید حسین شاہ فیروزی نے فاتح ،رنر اَپ اور دیگر کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے اس موقع پر کوہاٹ اسپورٹس کے چیئر مین محمد ارشاد ،سیکریٹری بختیار خان ،وزیر شاہ ،تاج محمد ،طارق اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل اور فٹ بال سے وابستی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید عثمان شاہ فیروزی نے کہاکہایسے حالات میں جب پوار ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔
کوہاٹ اسپورٹس نے فٹ بال کا میلہ سجا کر ایک بڑا کام سر انجام دیا ہے میںانہیں اس نیک اقدام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے آئندہ بڑے پیمانے پر فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا ٹورنامنٹ کے فائنل میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری سلیم شاہ،لیاقت چائنااور مدثر نے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر نعیم خان اور میڈیا کوارڈینٹر کے فرائض شیر افضل نے انجام دیئے۔