کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شاہ فیصل کالونی فٹ بال اسٹیڈیم پر جاری آل کراچی شہید ہارون یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کے کھیلے گئے ایک اہم میچ میں افغان جانباز نے مد مقابل شہید ملت فٹ بال کلب کورنگی کو سخت مقابلے کے بعد 1-0سے زیر کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا میچ کے دوران آغاز نہایت سست رفتاری سے ہوا کوئی بھی ٹیم سخت مقابلے کے باوجود گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تاہم پہلے ہاف کے 18 ویں منٹ میں شہید ملت کے محمد یونس نے اپنی ہی ٹیم پر سیلف گول کرکے افغان جانباز کی کامیابی میں کردار اد ا کردیا۔
اس موقع پر ٹورنامنٹ میں خصوصی شریک مہمانان سیکریٹری ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر شاہد تاج اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کے سیکریٹری عبید اللہ کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ممبر ڈسٹرکٹ ایسٹ اجمل خٹک ،ٹورنامنٹ آرگنائزر پرویز تنولی، منیجر ہزارہ محمڈن محمد انور ،سیکریٹری گلشن اسپورٹس علی اصغر ،سیکریٹری خیبر مسلم اظہر احمد،نیشنل ریفری جاوید بنگش کے علاوہ ٹورنامنٹ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اس میچ کو نیشنل ریفری سعید احمد نے اپنے معاون ساتھیوں سلیم شاہ اور فرید خان کے ہمراہ سپراوئز کیا ۔میچ کمشنر اور میڈیا کوارڈینٹر کے فرائض حاجی محمد اقبال اور شیر افضل نے انجام دیئے۔