کراچی (اسپورٹس رپورٹر) رحیم محمڈن فٹ بال کلب اور ہزارہ محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈیم پر جاری آل کراچی شہید ہارون فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاہ فیصل ٹائون کی معروف ٹیم اُسامہ اسپورٹس فٹ بال کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مد مقابل جانباز اسپورٹس لانڈھی کو 6-0 کے بڑے مارجن سے شکست دیدی کھیل کے دوران جانباز اسپورٹس فاتح ٹیم اُسامہ اسپورٹس کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی کھیل کے ابتداء ہی سے اُسامہ اسپورٹس کے فارورڈ مکمل طور پر کھیل پر چھائے رہے اور یکے بعد دیگرے گول اسکور کرتے رہے فاتح ٹیم کے سلیم شاہ جو کہ دفاعی کھلاڑی تھے۔
عمدہ کھیل کی بدولت شائقین فٹ بال کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے انہوں نے جانباز اسپورٹس کے فارورڈ کے تمام حملوں کو ناکام بنا کر شائقین فٹ بال سے داد تحسین وصول کی ابتک ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں اُسامہ اسپورٹس کا یہ سب سے زیادہ گول اسکور تھا اُسامہ اسپورٹس کی جانب سے محمد جنید، کامل حسین، محمد بخش، ذوہیب ،محبوب اور شہبازنے نہایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت گول اسکور کئے چیئر مین اُسامہ اسپورٹس حاجی محمد الیاس نے ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر پوری ٹیمکو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آئندہ بھی اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی ٹورنامنٹ میں ریفری کے فرائض عبدالکریم ،فرید خان اور پرویز گل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر محمد اقبال اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔