کراچی (اسپورٹس رپورٹر) رحیم محمڈن اور ہزارہ محمڈن کے زیر اہتمام شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈم پر جاری آل کراچی شہید ہارون یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں لیاری کو نوجوانوں پر مشتمل شہر کی معروف فٹ بال ٹیم عثمان آباد یونین نے اپنے مد مقابل سوسائٹی برادز کیماڑی کو پنالٹی ککس پر 4-2سے شکست دیدی دوران کھیل کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت تک ایک دوسرے کے مقابل سبقت لینے میں کامیاب نہ ہوسکی پنالٹی ککس پر عثمان آباد یونین کی جانب سے عمران ،طارق ،با بر اور محمد حسین نے درست نشانہ بازی کرتے ہوئے گیند کو جال تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے جبکہ سوسائٹی برادرز کیماڑی کے ساجد اور عبداللہ ہی گول کرنے میں کامیاب ہوسکے۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دیگر میچوں میں رحمن کلب ماڑی پور نے ایک سخت مقابلے کے بعد ملیر کی معروف ٹیم ملیر یونین کو شاکر عبداللہ کے گول کی بدولت 1-0سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا دوسرے میچ میں کیماڑی یونین نے مضبوط حریف شفیع الیون ملیر کو پنالٹی ککس پر 5-4سے مات دیدی کھیل کے دوران مقابلہ2-2سے برابر تھا کھیل کے دوران شفیع الیون کے نادر علی اور ثناء اللہ اور کیماڑی یونین کے شیر گل اور محمد حسین نے گول کئے تیسرے میچ میں بلوچ یونین لسبیلہ نے کورنگی ریڈ کو 3-1 سے زیر کردیا۔
فاتح ٹیم کے عارف، نبیل اور عامر نے گول اسکور کئے، چوتھے میچ میں ینگ پی آئی بی کلب نے شہید جمیل فٹ بال کلب کو پنالٹی ککس پر 4-3سے ہرادیا کھیل کے دوران مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا جس میں شہید جمیل کے احسان اللہ اور ینگ پی آئی بی کلب کے سعید احمد نے گول کئے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض جاوید بنگش،عبدالکریم ،پرویز ،نور وہاب ،فرید خان اور سلیم شاہ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر کوچ محمد اقبال اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔