لاہور (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال کی بحث اب ختم ہونی چاہیے۔ تمام قومی اداروں میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ میڈیا سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد کو پاکستان کے اصل ایشو یعنی دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ پاک فوج نے فرنٹ لائن پر بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ہم سب کو اپنی فوج سے پیار ہے۔
ہم شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وہ شاہدرہ میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے دو بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ حمزہ شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے بچوں مناہل اور زین کے والدین کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی دیئے اور کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ برابر شریک ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ واسا سمیت تمام شہری اداروں کو جدید بنیادوں پر استوار کئے بغیر ایسے افسوسناک حادثات سے بچنا مشکل ہے اس لئے حکومت پنجاب نے واسا کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی دوڑ میں دوسرے ملکوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کے لئے ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا۔