کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آل پاکستان جشن زیارت شوٹنگ بال کا ٹائٹل الشہباز کلب خیر پور نے اپنے نام کرلیا ۔فائنل مقابلہ الشہباز کلب خیر پور سندھ اور الاعثمان کلب لاہور پنجاب کے درمیان کھیلا گیا ۔فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا میچ کا اسکور 16-13،11-16اور 16-14 رہا ۔الشہباز کلب خیر پور کی جانب سے سید ظفر شاہ ،یوسف ،ریاض اور عباس نے جبکہ الاعثمان کلب لاہور کی جانب سے اشفاق شاکا، قیصر بھٹی اور خالد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی وزیر اطلاعات بلوچستان عبدالرحیم خان ترین نے فاتح ٹیم الشہباز کلب خیر پور کو 50 ہزا روپے نقد اور ونر ٹرافی اور رنر اپ ٹیم الاعثمان کلب لاہور کو 30 ہزار روپے نقد اور ٹرافی پیش کی جبکہ مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ قاضی کلب سکھر کے الطاف میمن کو شاندار کھیل پیش کرنے پر دیا گیا ۔اس قبل کھیلے گئے کوارٹر فائنل مقابلے میں بے نظیر کلب لاڑکانہ نے کراچی ڈویژن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے ،الشہباز کلب خیر پور نے ینگ برادرز فیصل آباد کو 2-0 سے ،الاعثمان کلب لاہور نے لال عیسن کلب لیہ کو 2-1 سے اور قاضی کلب سکھر نے فرینڈز کلب عارف والا کو 2-1 سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں الشہباز کلب خیر پور نے بے نظیر کلب لاڑکانہ کو 2-1 سے اور دوسرے سیمی فائنل میں الاعثمان کلب لاہور نے قاضی کلب سکھر کو 2-1 سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لئے ہزاروں شائقین کورٹ میں موجود تھے ٹورنامنٹ میں پورے پاکستان سے 32مایہ ناز ٹیموں نے حصہ لیا ۔ٹورنامنٹ سیکریٹری محمد عارف نے خطاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں آنے والے تمام مہمانوں اور پورے پاکستان سے آنے والے ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر صدر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن غلام محمدخان اور سیکریٹری قیصر جتوئی نے الشہباز کلب خیر پور سندھ کو ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نا م کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔