کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سیفی اسپورٹس فٹ بال کلب لیاری کے زیر اہتمام ککری فٹ بال اسٹیڈیم پر جاری آل پاکستان غلام عباس بلوچ یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 2 میچوں کے فیصلے ہو گئے۔
کھیلے گئے پہلے میچ میں گولی مار آزاد فٹ بال کلب نے مد مقابل مضبوط حریف کلری اسٹار فٹ بال کلب کو سخت مقابلے کے بعد 1-0سے شکست دیدی فاتح ٹیم کی جانب سے اسد علی نے گول کیپر کی غلطی سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کی کامیابی میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔
کھیلے گئے دوسرے میچ میں ینگ پنجگور نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ینگ کلا کوٹ کو شاندار مقابلے کے بعد 1-0سے زیر کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا فاتح ٹیم کے آصف نے فیصلہ کن گول اسکور کیا میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی پاکستان کسٹم کے انسپکٹر کرامت علی خان سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر عیسیٰ خان ،فیض محمد (حبیب بنک) ،فیض محمد (سوئی سدر ن گیس )،سابق ریفری محمد اقبال ،عاشق علی (پی آئی اے) اور رسول بخش (کے پی ٹی) بھی موجود تھے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نذر شباب ،غلام عباس ،پرویز یوسف ،فیض محمد (حبیب بنک) اور گلزار ظہور نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر فیض محمد بلوچ ،ماسٹر نذیر بلوچ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔