آل پاکستان مسلم لیگ ملک و قوم کی سلامتی کی جدوجہد کررہی ہے‘ شاہد قریشی ‘ طاہر حسین

Karachi

Karachi

کراچی( اسٹاف رپورٹر) حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی پاکستان کو ایکبار پھر 1971 جیسے حالات کی جانب لیجارہی ہے ان حالات میں ملکی سلامتی و قومی ترقی کیلئے جہاں ملی یکجہتی و اتحاد ناگزیر ہے وہیں موجودہ حکمرانوں سے نجات بھی لازم ہوچکی ہے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر سید شہاب الدین شاہ حسینی ‘ جنرل سیکریٹری شاہد قریشی اور ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے الطاف حسین کی جانب سے اپنے بیان پر تحریک انصاف کے کارکنان اور شیریں مزاری سے دل آزاری کی معذرت کے بعد متحدہ و پی ٹی آئی سرد جنگ کے خاتمے کو قومی وحدت کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں جلد مثبت سیاسی تبدیلی کی علامت ہے

جس میں آل پاکستان مسلم لیگ اہم ترین کردار ادا کرنے جارہی ہے۔ اے پی ایم ایل رہنما¶ں نے مزید کہا کہ الطاف حسین نے سیکیورٹی اداروں سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کے ذریعے ایک بہتر سیاسی روایت کے قیام کے ساتھ دانشور ‘ دانا اور محب وطن سیاستدان ہونے کا بھی ثبوت دیا ہے کیونکہ پاکستان کے سیکورٹی ادارے پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنی فرائض کی انجام دہی میں جو قربانیاں پیش کررہے ہیں وہ قابل توصیف و تعظیم ہیں البتہ ان فرائض کی انجام دہی میں بسا اوقات کچھ افراد یا طبقات کو شکایات بھی لاحق ہوجاتی ہیں

جن کا ازالہ اور آئندہ کیلئے ان سے احتیاط لازم ہے مگر ان اداروں کی کارکردگی ہر قسم کی جانبداری کے شکوک و شبہات سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ متحدہ کا سیاسی فیصلہ ہے کیونکہ ایوان میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتیں منتخب کرنے والے عوام کو جوابدہ ہوتی ہیں اسلئے ان کا ہر فیصلہ اپنی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کے ساتھ ان کے حال و مستقبل کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے ساتھ تعمیرو ترقی کا تابع ہوتا ہے۔