کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر میں جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ “میں مزید 3میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں دلبود محمڈن ملیر نے مد مقابل مضبوط حریف مکران اسپورٹس کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیدی ،دوران کھیل دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکور نہ کرسکیں ۔دوسرے میچ میں بھی نیشنل شاہین نے غریب نواز ڈالمیا کو پنالٹی ککس پر 5-4سے زیر کردیا کھیل کے دوران وقت مقررہ تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں چنیسر بلو نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد لیاری سے تعلق رکھنے والی معروف فٹ بال ٹیم پھول پتی اسٹار کو پنالٹی ککس پر 4-2سے آئوٹ کردیا کھیلے کے پہلے ہاف میں پھول پتی اسٹار لیاری کے برکت کے گول کی بدولت 1-0سے برتری حاصل تھی لیکن دوسرے ہاف میں چنیسر بلو کی جانب سے 36ویں منٹ میں فرید نے خوبصورت گول کرکے پھول پتی اسٹار کی اس برتری کو خاک میں ملا دیا اور پنالٹی ککس پر کامیابی کے ساتھ چنیسر بلو کی ٹیم گرائونڈ سے باہر آئی ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری انیس اختر ،عمر بلوچ ،سراج الدین طالب ،خالد ممتاز جمی اور عبدالغفور بلوچ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔