آل پاکستان مسلم لیگ کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے طارق کلیم طاہر حسین

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ کا تیسرا یوم تاسیس پورے جوش و جذبے عقیدت و احترام اور شان وشوکت سے یکم اکتوبر کو منایا جائے گا۔ سندھ میں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب اے پی ایم ایل سندھ ہاس واقع کشمیر روڈ کراچی میں ہو گی جبکہ کراچی کے علاوہ حیدرآباد میرپور خاص ٹھٹھہ نوابشاہ لاڑکانہ سکھر گھوٹکی دادواور بدین سمیت سندھ کے دیگر تمام شہروں میں بھی یوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

جن میں کارکنان پاکستان کے استحکام و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ کو مزید منظم و فعال بنانے کے ساتھ پرویز مشرف سے وفاداری کے عہد کی تجدید کرینگے۔ اس موقع پر سندھ بھر میں ممبر سازی بھی کی جائے گی۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو کی صدارت میں ہونے والے اے پی ایم ایل سندھ کے اجلاس میں فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی انچارج میڈیا سیل طارق کلیم انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین ایڈوکیٹ منظور بھٹہ اسلم مینائی و دیگر صوبائی عہدیداران نے شرکت کی اور یوم تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل عہدیداران نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے اور عوام جو کل تک مشرف پر اعتماد کرتے تھے آج ان کی ہمدردیاں بھی مشرف کے ساتھ ہو چکی ہیں اسلئے آنے والا وقت آل پاکستان مسلم لیگ اور پرویز مشرف کا ہوگا جو پاکستان کو مستحکم اور عوام کو خوشحال بنائے گا۔