آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے اجلاس میں کارکنوں کا پرویز علی شاہ اور مسلم بھٹو پر اظہار اعتماد

کراچی : سید پرویز علی شاہ کو سندھ کا صدر اور مسلم بھٹو کو سندھ کا جنرل سیکریٹری مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سیکریٹری فائنانس اینڈا یڈمن شاہد قریشی، سینئر رہنما طاہر حسین، اسلم مینائی ،وصی قریشی، عبدالقیوم، جمشید جان، نائلہ انعام، فیروزہ وارثی و دیگر رہنماؤں اور اراکین نے سید پرویز علی شاہ اور مسلم بھٹو کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

توقع و امید ظاہر کی کہ نئے قائدین آل پاکستان مسلم لیگ کو پہلے سے زیادہ فعال، منظم اور مضبوط بنائیں گے۔ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین کے اعلامیہ کے مطابق اے پی ایم ایل ہاؤس میں نو منتخب جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو کی سربراہی میں ہونے والے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم بھٹو نے یقین دلایا کہ کارکنان و عہدیداران کی تمام شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

کارکنان و عہدیدارن پوری دلجمعی، دیانتداری، عزم و حوصلے اور یقین و اطمینان کے ساتھ آل پاکستان مسلم لیگ کو پرویز مشرف کی امنگوں کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی و عوامی قوت بنانے کیلئے اپنا مخلصانہ کردار ادا کریں۔