آل پنجاب باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں عارف پرنس اور محمد آصف نے مسٹر اور مسٹر جونیئر پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا

Bodybuilding Competitions

Bodybuilding Competitions

فیصل آباد (ایچ ایس این) ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اور پنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ آل پنجاب باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں لاہور زون کے تن سازوں عارف پرنس اور محمد آصف نے مسٹر اور مسٹر جونیئر پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا اور انہیں موٹر سائیکلیں انعام میں دی گئیں۔

یہ مقابلے سرگودھا روڈ پر بھٹی جم اڈا باوا چک کے قریب منعقد ہوئے جس میں ڈی سی او نورالامین مینگل، ایم این اے حاجی اکرم انصاری، ارکان صوبائی اسمبلی حاجی الیاس انصاری، حاجی خالد سعید، رانا شعیب ادریس اور سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام مہمانان خصوصی تھے جنہوں نے پوزیشن ہولڈرز تن سازوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈی او سپورٹس طارق نذیر، صدر پنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن رائے حبیب الرحمن بھٹی، جنرل سیکرٹری محمد نعیم اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ان مقابلوں کے دیگر نتائج کے مطابق 89 پوائنٹس حاصل کرکے فیصل آباد زون نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لاہور زون نے 69 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

گوجرانوالہ زون کے تن ساز 57 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور راولپنڈی زون کے تن ساز 29 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے جنہیں پوزیشن کے مطابق ٹرافیز دی گئیں۔

ڈی سی او نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ کھیلوں کے دلدادہ ہیں اور سپورٹس مین ان کے دل کے بہت قریب ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول پر موثر عملدرآمد کرانے کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا وسیع انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تن سازی کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔