آل کوئٹہ، کراچی کوچز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) آل کوئٹہ کراچی کوچز ایسوسی ایشن نے کوئٹہ کراچی روٹ پر گاڑیوں کو جلانے کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ بات آل کوئٹہ کراچی کوچز کے رہنماوں عبدالمنان ،حاجی جانان اچکزئی اورغنی شاہ نے دیگر ٹرانسپورٹروں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ را ت مسلح افراد نے بھتہ نہ دینے پر کراچی سے کو ئٹہ آنے والی مسافر کوچ کو وڈھ کے مقام پر مسافروں کو نیچے اتار کر گاڑی کو آگ لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے کوئٹہ کراچی چلنے والی مسافر کوچوں سے فی بس 5 ہزار روپے بھتہ وصول کیا جاتا ہے

جس کے بارے میں کئی بار انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ میں مسافر کوچ جلانے کے خلاف کوئٹہ کراچی روڈ پر چلنے والی کوچز نے مکمل ہڑتال کردی ہے۔