لاہور (جیوڈیسک) عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ وقار یونس نے کبھی سینئر کھلاڑیوں کا احترام نہیں کیا نہ ہی انہوں نے کبھی انصاف کیا یہی وجہ ہے کہ پوری ٹیم انتشار کاشکار ہو گئی ہے۔
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وقار یونس کھلاڑیوں کے عدم تحفظ کا شکار ہوئے اور کسی بھی ملک میں کھیلنے کا اعتماد قائم نہ کر سکے۔ 36 سالہ رزاق جنہوں نے46ٹیسٹ ،265ون ڈے انٹرنیشنل جبکہ 32ٹی 20میچز کھیلے ہیں نے کہا کہ وقار کی پسند وناپسند نے ٹیم کو بری طرح متاثر کیا۔سینئر کھلاڑی نے مصباح الحق اوریونس خان کو ایڈوائزر بنانے کے پیسی بی کے فیصلے پر بھی تنقید کی۔
رزاق کا کہنا تھا کہ ٹیم کے زوال کی وجہ وہ سابق سینئر کھلاڑی بھی ہیں جنہیں کرکٹ سے زیادہ اپنی اعلیٰ ملازمتوں کی فکر ہے۔البتہ رزاق نے انضمام الحق کو کوچ بنائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔اس حوالے سے انکا کہنا تھا کہ اگر انضمام الحق کپتانی کے دنوں کی طرح بہتر فیصلے کریں گے تو وہ یقیناٹیم کوبہتری کی جانب گامزن کر دیں گے۔