دبئی (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کا ستارہ گردش میں آگیا، ون ڈے آل رائونڈرز میں ٹاپ پوزیشن چھن گئی، بولنگ میں بھی ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، انجیلو میتھیوز نمبر ون آل راؤنڈر بننے کے ساتھ بیٹنگ چارٹ میں بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے، بھارتی ویرات کوہلی نے بیٹسمینوں میں سرفہرست ابراہم ڈی ویلیئرز کو چیلنج دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا حال ہی میں بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا، اچانک لاحق ہونے والی ہیمسٹرنگ انجری کے بعد وہ نیوزی لینڈ سے گذشتہ روز شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر بھی ہوگئے، ان کے لیے ایک اور بری خبر یہ رہی کہ ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ آل رائونڈر کی پوزیشن بھی چھن گئی، بولرز میں بھی ایک درجہ خسارے کے بعد وہ ساتویں نمبر پر چلے گئے۔ دوسری جانب بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا مگر کپتان انجیلو میتھیوز رینکنگ میں ترقی پانے میں کامیاب رہے۔
پانچ میچز کی اس سیریز میں انھوں نے 113 کی اوسط سے 339 رنز بنائے جس میں 139 رنز ناٹ آئوٹ، 75 اور 92 ناٹ آئوٹ کی اننگز شامل تھیں، میتھیوز نے چار وکٹیں بھی لیں اس طرح ٹاپ آل رائونڈر کا اعزاز حاصل کرلیا، حفیظ کو دوسرے نمبر پر جانا پڑا۔ عمدہ بیٹنگ کی وجہ سے میتھیوز نے ایک ساتھ چار درجے چھلانگ لگا کر بیٹسمینوں میں دسویں پوزیشن سنبھال لی۔
اس فہرست میں ٹاپ پر ابراہم ڈی ویلیئرز ہی موجود ہیں لیکن ایک درجہ ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آنے والے ویرات کوہلی نے ان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ہاشم آملا کو ایک زینہ نیچے اترنا پڑا ہے۔ کولکتہ میں ورلڈ ریکارڈ 264 رنز بنانے والے روہت شرما ایک ساتھ 18 درجے ترقی پاکر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بولرز میں ٹاپ پر پاکستان کے پابندی کا شکار آف اسپنر سعید اجمل ہی موجود ہیں، آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں 5 وکٹیں لینے ولے مورن مورکل 8 درجے کی جست لگا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔