کراچی (جیوڈیسک) کراچی سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے پیپلزپارٹی کے رہنماخورشید شاہ کے اس بیان پر حیرت ظاہر کی ہے کہ سندھ میں کوئی مہاجر نہیں ہے ،سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں،اگر سب سندھ ہیں تو پیپلزپارٹی نے آج تک کسی اردو بولنے والے کوسندھ کا وزیراعلی کیوں نہیں بنایا؟۔ اپنے ایک بیان میں خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ خورشید شاہ قوم کو بتائیں کہ وزیراعلی ہاوس میں اردو بولنے والوں کی تعداد کتنی ہے ؟ سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین میں اردو بولنے والے کتنے ہیں۔
پولیس میں جتنے بھی اہلکار و افسران ہیں ان میں کتنے مہاجر ہیں جنہیں خورشید شاہ سندھی سمجھتے ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کتنے ایڈمنسٹریٹر اور صوبائی و بلدیاتی محکموں کے سربر اہان اردو بولنے والے ہیں؟ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ خورشید شاہ قوم کو بتائیں کہ پیپلزپارٹی نے آج تک کسی اردو بولنے والے کو سندھ کا وزیراعلی کیوں نہیں بنایا۔