لاہور(جیوڈیسک)صدرمسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سب کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں ۔ وہ اپنی رہائش گاہ کے باہر عوام کے جم غفیر سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو بات میرے دل میں نقش کر گئی ہے کہ پاکستان کے عوام نواز شریف سے کس قدر محبت کرتے ہیں، میں آپ کو یقین دلانا جاتا ہوں کہ مجھے آپ سے دگنی محبت ہے۔ مجھے آپ نے موقع دیا ہے، پاکستان کی خدمت کا، آپ کی خدمت کا، آپ کی نسلوں کی ان نوجوانوں کی خدمت کا۔
ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ پاکستان کے عوام کی خدمت کرسکوں۔ نوازشریف نے کہا کہ جس محبت سے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو نوازا، شکریہ اداکرنے کے لیے الفاظ نہیں۔ اس انتخابی مہم میں عوام کی وہ محبت ملی جو میرے دل میں اترگئی ہے، اللہ سے دعا کریں کہ مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت ملے اور بغیر کسی کی مدد کے حکومت بناسکیں، اپنی ذات کیلئے نہیں ملک اور ملت کیلئے کام کریں گے اللہ کو راضی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے کیا گیا ایک ایک وعدہ پوراکریں گے، ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ایک بڑی پارٹی بن کرسامنے آئی ہے، دعاکریں صبح تک ایسے نتائج آجائیں کہ مسلم لیگ (ن) اکیلے حکومت بنائے، دعاکریں کہ مسلم لیگ(ن)کوحکومت بنانے کے لیے کسی کی ضرورت نہ پڑے۔ نواز شریف نے کہا کہ کسی نے بھی ہمیں برا بھلا کہا ہے تواسے معاف کرتے ہیں۔
اپنے بارے میں سب کچھ پاکستان کی خاطرسنا، ہم چاہتے ہیں پاکستان کی قسمت بدلے اور مشکلات سے نکلے، مجھے عوام کی خدمت کرکے خوشی ہوگی اور اسی طرح ہماری آخرت بھی سنور جائے گی۔ اس موقع پر نوازشریف نے سب کومذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ، غربت، مہنگائی کے خاتمے کے لیے سب کوکہتا ہوں آو میز پر بیٹھو، ملک اورقوم کی خاطرسب کواکٹھاکرناچاہتاہوں، اللہ سے دعا کریں ہمیں مکمل اکثریت ملے ، میرا یہ خطاب پوری قوم کیلئے ہے جنہوں نے ووٹ دیا، ان کیلئے بھی اور جنہوں نے نہیں دیا ان کیلئے بھی۔