کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ماہ مبارک اللہ تعالی کی رحمتوں کو لوٹنے کا سنہری موقع ہے، گرمی کی شدت اور پانی کی قلت سے انسانی زندگیوں کو خطرات لاحق اور فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، پانی کی قلت ودیگر مشکلات کے حل کیلئے اللہ کی طرف متوجہ ہو کر رحمت طلب کی جائے۔
بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ شدید گرمی میں بھی شہریوں کو بجلی وپانی سے محروم رکھا جارہاہے حکومت کے تمام دعوے جھوٹے نکلے ، سحر وافطار میں لوڈشیڈنگ سے شہری شدید پریشان ہیں ، دوسری جانب رمضان کی آمد کے ساتھ ہی منافع خور عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں ،پھلوں اور سبزیوں کی خریداری غریب کی پہنچ سے دور جاچکی ہے ، انہوں نے کہاکہ شدید گرمی کے باعث انسانی زندگیوں کو خطرات لاحق اور فصلیں تباہ ہورہی ہیں تو دوسری جانب پانی کی قلت ودیگر مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے ، انہو ں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور بخشش کا مہینہ ہے ، تمام مشکلات کے اصل اسباب دین سے دوری اوراللہ کی ناراضگی ہے مادی تدبیروں کے ساتھ من حیث القوم رجوع الی اللہ اور استغفار کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر حکومت سابقہ حکمرانوں کو تمام مسائل کا ذمہ دار ٹھہرا کر بزعم خود اپنا فرض پورا کرلیتی ہے اور ٹی وی ،ریڈیو پر مذاکرے اور اخبارات میں چند خبریں لگوا کر حکومت اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دے لیتی ہے مگر ان اسبا ب کی طرف توجہ نہیں دیاجاتی،انہوں نے کہاکہ ہمارے برے اعمال کے سبب ہمیں حکمران برے ملے ہیں جنہیں عوام سے صرف وعدے کرنے آتے ہیں نبھانا نہیں آتے ، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قوم سے وعدہ کیاتھاکہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کم سے کم ہوگی مگر پورے پورے دن بجلی بندکرکے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیاجارہاہے ،انہوں نے کہاکہ مسلمان ہونے کے ناطے ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے کہ وہ مشکلات کے سدباب کے لئے دین پر عمل اورعلمائے دین سے رہنمائی حاصل کرے۔