اللہ کا فضل ہے

Allah

Allah

تحریر : صادق رضا مصباحی
ایک دولت مند تاجر نے اپنے خزانے کے دروازے پر لکھوایا: ہذامن فضل ربی ۔چور آیا اور سارا خزانہ لوٹ کر لے گیا مگر جاتے جاتے اسی جگہ یہ بھی لکھ گیا:ان اللہ مع الصابرین ۔ یہ لطیفہ آپ نے ہزاروں بار سنا اور پڑھا ہو گا مگراس لطیفے میں ایک بہت بڑاسبق پنہاں ہے اورایک بہت بڑی عبرت، بس تیسری آنکھ کھلی رکھنی ضروری ہے۔

ہم جھوٹ اورظلم پرکھڑے ہوکردولت کماتے ہیں اورپھراس پراللہ کا شکراداکرتےنہیں تھکتے۔ہم جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے میں طاق ہیں اور منافقت اورچاپلوسی کرنے میں ماہرمگرپھربھی ہم ’’مذہب ‘‘سے اپنے گہرے لگائوکے دعوی دارہیں۔چوری ،فریب کاری اور دھوکہ دہی سے کمائی ہوئی دولت کوہم ’’اللہ کے فضل‘‘سے منسوب کردیتے ہیں اور دوسرے کوسامنے اس کافخریہ طورپراظہاربھی کرتے ہیں ۔ایساکرتے ہوئے ہم پرایک لمحے کے لیے بھی خوف خداطاری نہیں ہوتااورنہ ہی یہ احساس کہ اللہ نے اپنی رسی ڈھیلی کردی ہے اوروہ ہم کو آزما رہاہے۔ترقی اورکامیابی کے حصول کے لیے سرپٹ دوڑنے والے ہم جیسے لوگوں کواس طرح کی باتیں سوچنےکی فرصت ہی کہاں ہے۔لیکن یہا ں ایک بات بالکل طے ہے کہ مادیت کی کیچڑمیں گلے گلے تک ڈوبے ہونے کے باوجودآج بھی ہمارے معاشرے میں للہیت اور اخلاص کی بوباس باقی ہے۔

اس سے اندازہ لگتاہے کہ اللہ کے فضل سے ہماری مذہبی جڑیں ابھی تک صحیح سالم حالت میں ہیں ،یہ الگ بات ہے کہ وہ انہدام کی شکارہیں اورہم انحطاط کے اسیرمگرآج بھی ہم کہیں نہ کہیں مذہبی ہیں گوکہ یہ مذہبیت شعورسے خالی ہے ،بے جان ہے ،بے روح ہے ،کھوکھلی ہےاور روایت کےدھاگے میں بندھی ہوئی ہمارے ہاتھوں میں آپہنچی ہے ۔روایت اور اقدارکی کی ایک بڑی اورسامنے کی مثال یہی ہے جس کاتذکرہ اوپر ہو چکاہے۔ظاہرہے کہ اللہ کے فضل سے کسے انکارہوسکتاہے مگر کیا اللہ کافضل ایسی دولت پر بھی ہو سکتاہے جو دونمبرسے کمائی گئی ہو اور بھائیوں،رشتے داروں اور کمزوروں کاحق مارکرکےحاصل کی گئی ہو؟ہماری بہت زیادہ شہرت ہوجائےاور ہمارے تعلقات بڑے بڑے لوگوں سے ہوجائیں اگرچہ یہ تعلقات چاپلوسی اورابن الوقتی پرمنحصرہوں مگراس میں بھی ہمیں ’’اللہ کافضل ہے‘‘ نظر آتاہے اوربڑے ’’فخریہ‘‘ طور پر نظر آتا ہے۔

اس کے برخلاف وہ لوگ جوصحیح معنوں میں اللہ کے بندے ہیں،مخلص ہیں،کھرے ہیں،نکھرے ہیں،سچے اورپکے مسلمان ہیں ، عام طورپرایسے حضرات دولت اور شہرت وعظمت کی بلندیوں پرنہیں جاپاتے کیوںکہ ان کے پاس وہ ’’ہنر‘‘اور’’صلاحیت ‘‘نہیں ہوتی جودولت مندوں کے پاس ہوتی ہے ۔یہاں سوال یہ ہے کہ’’ اللہ کافضل ہے‘‘کے مصداق دولت مند،شہرت کے حریص اور عظمت کے لالچی ہیں یا اچھے اورسچے لوگ ہیں؟اس کاجواب بالکل بدیہی ہے مگریہ کیسی اندھیرنگری چوپٹ راج ہے کہ ہم اللہ کے فضل کامستحق دولت مندوں اور مشہور لوگوں کوسمجھتے ہیں اوران کی طرف منہ کرکے ہاتھ باندھ کرکھڑے ہوجانے میں فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔لاحول ولاقوۃ ۔ہمارے معاشرے کی مذہبیت چوں کہ اس قدر کند ہو چکی ہے کہ اسے اللہ کافضل دولت مندوں اورشہرت وعظمت کے حریصوں میں نظرآتاہے اسی لیے قدریں بدل چکی ہیں اور اسی تبدیلی کانتیجہ ہے کہ’’ اچھے ‘‘آدمی پرہمیں اللہ کافضل نظرنہیں آتا، ’’بڑے‘‘میں نظر آتا ہے۔

دولت اورشہرت بالعموم ہمیں برائیوں کی طرف لے جاتی ہے اس اعتبارسے دیکھاجائے تواللہ کافضل درحقیقت ایسے سچے اورکھرے لوگوں پر ہے جواللہ کے مخلص بندے ہیں ،جورزق حلال کماتے ہیں ، جواپنے اہل خانہ اور پڑوسیوں کاحسب بساط خیال رکھتے ہیں اورجوکبھی بھی غیرقانونی ،غیرشرعی اور غیرفطری کام نہیں کرتے مگر ہمارے معاشرے میں الٹی ہی گنگابہہ رہی ہےاورہم اس ’’گنگا‘‘میں ’’ہاتھ دھونے‘‘ کوہی سب سے بڑا کمال ،سب سے بڑی عظمت اور’’اللہ کافضل‘‘سمجھتے ہیں اور جھوٹوں ، مکاروں، دغا بازوں،فریبیوں ، کور باطنوں اورستم گروں کواللہ کے فضل کامستحق گردانتے ہیں ۔

معاشرے کے اس ’’مذہبی ‘‘منظرنامے میں اب ہمارے کرنے کام یہ ہے کہ ہم اپنے عوام کی فکری اصلاح کریں اور انہیں بتائیں کہ اللہ کے فضل کامطلب کیاہوتاہے اوراس کاحقیقی اطلاق کن لوگوں پر ہوتا ہے۔عوام کوہمیں یہ بھی بتاناچاہیے کہ دور حاضر الفاظ کی توہین کازمانہ ہے ،الفاظ کی ذلت کازمانہ ہےاورالفاظ کے اغواکازمانہ ہے اس لیے لمبے چوڑے دعووں،لحیم وشحیم وعدوں اور بھاری بھرکم لفظوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

Sadiq Raza

Sadiq Raza

تحریر : صادق رضا مصباحی
موبائل نمبر:09619034199