کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپیل کی ہے کہ خدا، رسول اور ملک کی سلامتی کے نام پر فوری دھرنے ختم کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنے والی جماعتیں اپنے کارکنوں کو بارش اور سیلاب متاثرین کی امداد کی ہدایت کریں۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اس وقت ملک کے بیشتر حصے سیلاب اور بارشوں کی زد میں ہیں۔ دھرنے بعد میں دیے جا سکتے ہیں اور دھرنے میں کیے گئے مطالبات بھی بعد میں دہرائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے دھرنے دینے والی جماعتوں سے اپیل کی کہ پاکستان کی سلامتی کی خاطر فوری طور پر دھرنوں کے خاتمے کا اعلان کریں۔ الطاف حسین نے کہا کہ یہ وقت بارش اور سیلاب متاثرین کی امداد کرنے کاہے۔ پوری قوم کو متحد ہو کر اپنے بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔