لاہور (جیوڈیسک) سیکریٹری سول ایوی ایشن نرگس سیٹھی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کسی طور انٹرنیشنل نہیں لگتا، صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہوئے تو کسی کو معاف نہیں کریں گی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفت گو میں سیکریٹری سول ایوی ایشن نرگس سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات پر انہیں شرمندگی اور افسوس ہے۔
آئندہ بھی یہی صورت حال رہی تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گی ،نرگس سیٹھی کا کہنا تھا کہ مسافروں کے سامان کی چوری میں ایئرپورٹ کے تمام ادارے ملوث ہیں، ملی بھگت سے قیمتی اشیا نکالی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ افسروں کے وقت پر آفس نہ آنے کا رویہ قابل برداشت نہیں، آئندہ کسی ایئرلائن کی پرواز میں بلاجواز تاخیر پر تادیبی کارروائی ہوگی۔