لاہور : امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل انصر مہدی نے لاہور میں علامہ اقبال کے یوم وفات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں اسکائوٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں بھی بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے اقبال کے شاہین کی مانند جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی پرواز جاری رکھنا ہو گی تاکہ ان کے نظریات اور افکار سے استفادہ کر سکیںانصر مہدی کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال کا پیغام حرکت و انقلاب کا باعث بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، اپنی ذات اور معاشرے میں انقلاب بپا کرنے کیلئے انہیں اچھی سوچ اور نظم و ضبط کی ضرورت ہے جس پر کاربند ہونے کیلئے علامہ اقبال کی شاعری مشعل راہ ہے امامیہ نوجوان علامہ اقبال کے درس حریت کے فروغ و ترویج کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے جہد مسلسل اور اپنی صلاحیتوں کا اجاگر کرنے کا درس دیا ہے جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کا خودی کا فلسفہ انسان کی شناخت سے جڑا ہوا ہے، ایک انسان جب اپنی معرفت کو پا لیتا ہے تو وہ اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں سے محفوظ رہتا ہے۔