کراچی: مبینہ غفلت کےباعث مریض کی ہلاکت پرعباسی شہید اسپتال کےایم ایس سمیت 6 ڈاکٹرز معطل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث مریض کی ہلاکت پر ایم ایس سمیت 6 ڈاکٹرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز عباسی شہید اسپتال میں 35 سالہ شکیل احمد کو اپینڈکس کے علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

لیکن ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت اور لا پرواہی کے باعث اس کی ہلاکت پر اسپتال انتظامیہ نے ایم ایس ڈاکٹر نسیم راجپوت سمیت 6 ڈاکٹرز کو معطل کر دیا ہے جب کہ جب کہ ڈاکٹر نجم الحق عباسی کو اسپتال کا نیا ایم ایس مقرر کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر وقار کاظمی کی سربراہی میں ایک 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو مریض کی ہلاکت کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔ ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث جن دیگر اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر رضوان، ڈاکٹر جاوید، ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر سلیم علی اور ڈاکٹر اشتیاق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت اور لا پرواہی کے باعث مریض کی ہلاکت پر اس کے اہل خانہ نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور توڑ پھوڑ کی جب کہ اسپتال کے عملے کو بھی تشدد کا نشانا بنایا تھا۔