اتحاد بین المسلمین جیسی کانفرنسوں سے دل کی نفرتیں ختم ہو جاتی ہیں۔

راولپنڈی: چیرمین امن کمیٹی معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے، کہ اتحاد بین المسلمین جیسی کانفرنسوں سے دل کی نفرتیں ختم ہو جاتی ہیں۔اتحاد بین المسلمین اجلاس میں ملک کی تمام مکاتب فکر کے جید علماء کو اکٹھا دیکھ کر قوم کے چہرے خوشی سے چمک اُٹھے ۔ کامیاب کا نفرنس کے انعقاد پر وزیر مذہبی امور سردار یوسف مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ایسی کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رہنا چائیے ۔آج کے اجلاس سے ثابت ہو گیا، کہ مسلکی اختلاف کے باوجود استحکام پاکستان ،انسداد دھشتگردی کیلیے تمام مکاتب فکر متفق ہیں ۔مذہبی رہنماء دھشتگرد نہیں ، بلکہ کچھ دھشتگردوں نے مذھب کا روپ دھار لیا ہے۔

ملک کی بگڑتی صورت حال درست کرنے اور دھشتگردی کے خاتمے کیلیے تمام مسالک متحد ہوجائیں۔اظہار بخاری نے کہا علماء نے اتحادچھوڑ ا،جہاد فساد میں بدل گیا ۔اسلام جاھلوں کے ہتھے چڑ گیا۔دنیا کفر خلاء کا سینہ چیر کر چاند تک پہنچ گئی لیکن چاند کے دو ٹکرے کرنیوالے نبی پاک ۖ کے غلام ابھی تک فرقہ پرستی اور منافقت کی خلاء سے باہر نہ نکل سکے۔ ہمارے مذہبی لیڈر صرف چند لمحوں کیلیے اکٹھا ہونے کی بجائے ہمیشہ ہمیشہ کیلیے متحد ہو کر اتحاد و اتفاق کا ایسا طوفان بن جائیں ۔کہ جس کے سامنے کُفر کی ہر سازش خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گی ۔اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا مضبوط اعلامیہ ہی دھشتگردکو المیہ میں مبتلا کر سکتا ہے ۔قومی سلامتی کیلیے مذہبی رہنمائوںکا یہ اکٹھ دلوں کو یکجا کر نے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس لیے اس قسم کے اجلاس ہر مہینے طلب کیے جائیں تومحبت و یگانگت اور یکجہتی کے جذبات پیدا ہونگیں ۔قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ مذہبی مسائل بھی حل ہو نگے ، اتحاد کے امکانات مزید روشن ہونگیں۔فاصلے قربتوں کا رُوپ دھار لیں گے ۔اہل ایمان کا قافلہ اپنے مشترکہ مقاصد کی طرف گامزن ہو گا ۔لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے ،کہاتحاد بین المسلمین اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے اتنے مضبوط اور پائیدار ہوں ۔ کہ ہمارا اجتماعی دشمن ہمارے اتحاد کے خوف سے ہی تباہ ہو جائے۔